آئین کی بالادستی اور عوامی رائے کا احترام ہی ملکی مسائل کا واحد حل ہے؛ جماعت اسلامی باجوڑ کے استقبالیہ سے قائدین کا خطاب
باجوڑ (رپورٹ: حسبان میڈیا): جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے امیر عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور عوام کی حقیقی حکمرانی قائم ہونے سے ہی موجودہ بوسیدہ نظام تبدیل ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں ایک مخصوص طبقہ وسائل پر قابض ہو کر لوٹ مار میں مصروف ہے جبکہ اکثریتی طبقہ زندگی کی بنیادی ترین ضرورتوں سے محروم ہو چکا ہے۔ یہ لڑائی اب صرف جماعت اسلامی کی نہیں بلکہ ملک بھر کے 25 کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ بن چکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے باجوڑ میں نو منتخب امیرِ ضلع محمد اقبال خان کے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار اور بڑے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا ڈاکٹر عنایت اللہ خان، نو منتخب امیر ضلع محمد اقبال خان اور سابق امیر صاحبزادہ ہارون رشید نے بھی خصوصی خطاب کیا۔ صوبائی قیادت نے ملک کی مجموعی سلامتی اور سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں، جبکہ کشمیر کے عوام بھی موجودہ نظام سے مایوس نظر آتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یہ ملک صرف اور صرف 'اسلامی جمہوریہ پاکستان' کے طور پر بنایا گیا تھا، جہاں عوامی رائے کا احترام اولین ترجیح ہونا چاہیے تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب امیر جماعت اسلامی باجوڑ، محمد اقبال خان نے عزم کا اظہار کیا کہ باجوڑ کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقوق اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عادلانہ اور منصفانہ نظام کا قیام ہی جماعت اسلامی کا اصل مشن ہے اور وہ وقت دور نہیں جب جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ انہوں نے اپنی نئی تنظیمی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کا عہد کیا۔ اس موقع پر مولانا نور احمد دین، حاجی سردار خان، ناظم فرمان اللہ، ملک آیاز خان، ملک شاہین خان اور ملک عبدالولی خان سمیت دیگر مقامی رہنماؤں اور عمائدین نے بھی خطاب کیا اور نئی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔