ماہرینِ فلکیات کی پیش گوئی؛ پاکستان میں رمضان المبارک 2027ء کا آغاز 8 یا 9 فروری سے ہونے کا قوی امکان
کراچی (رپورٹ: حسبان میڈیا): پاکستان میں رمضان المبارک 2027ء کے آغاز اور اختتام کی ممکنہ تاریخیں سامنے آ گئی ہیں۔ فلکیاتی حسابات اور سائنسی تقویم کے مطابق، ملک میں رمضان المبارک کا چاند 8 یا 9 فروری کو نظر آنے اور پہلے روزے کا امکا ن ظاہر کیا جا رہا ہے۔ قمری تقویم پر مبنی اسلامی مہینے، شمسی کیلنڈر کے مقابلے میں ہر سال تقریباً 10 سے 12 دن پہلے شروع ہوتے ہیں، جس کے باعث اگلا رمضان المبارک موسمِ سرما کے عروج میں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق ماہرینِ فلکیات نے سائنسی اصولوں اور فلکیاتی حساب کتاب کی مدد سے پاکستان میں رمضان المبارک 2027ء کے آغاز کی ممکنہ تاریخوں کا تعین کیا ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق، اگر فروری کے اوائل میں چاند کی رویت شرائط کے مطابق ہوئی تو ملک بھر میں پہلا روزہ فروری کے دوسرے ہفتے کی ابتدا میں رکھا جائے گا۔
فلکیاتی اندازوں میں مزید بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے 29 یا 30 روزوں کی تکمیل کے بعد، ماہِ مقدس کا اختتام 8 مارچ 2027ء کے قریب متوقع ہے۔ اس حساب سے پاکستان بھر میں عید الفطر مارچ کے دوسرے ہفتے میں منائے جانے کا امکان ہے۔ تاہم، ضلعی اور مرکزی رویتِ ہلال کمیٹیوں کی جانب سے روایتی چاند دیکھنے کے بعد ہی رمضان اور عید الفطر کے آغاز کا حتمی اور شرعی اعلان کیا جائے گا۔