مالیاتی بوجھ کم کرنے کی کوشش؛ صوبائی حکومت کا غیر ملکی قرضوں کی واپسی شروع کرنے کا اصولی فیصلہ
پشاور (رپورٹ: حسبان میڈیا): صوبائی حکومت نے مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور معاشی دباؤ کو کم کرنے کے لیے صوبے پر واجب الادا غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کا سلسلہ باقاعدہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف عالمی مالیاتی اداروں سے لیے گئے قرضوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں تاکہ ایک منظم فریم ورک کے تحت واپسی کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق مقررہ مدت کے اندر قرضوں کی واپسی نہ ہونے اور بین الاقوامی سطح پر شرح سود میں مسلسل اضافے کے باعث صوبے پر مالیاتی بوجھ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ وفاق کی جانب سے ملنے والے فنڈز سے بھی ان غیر ملکی قرضوں کی مد میں کوئی ادائیگی نہیں کی جا سکی تھی، جس کے باعث موجودہ مالی سال کا بجٹ خسارے کے ساتھ پیش کرنا پڑا۔ مقررہ وقت پر ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے مالیاتی حلقوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
موجودہ صورتحال کے پیش نظر، بجٹ سے متعلق مختلف تجاویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کی آمد سے قبل ان غیر ملکی قرضوں کے حجم کو واضح طور پر کم کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹارگٹ پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب گورنر کی جانب سے جاری کردہ خصوصی ہدایات کے مطابق صوبے پر معاشی بوجھ کو کم کرنے اور صوبائی معیشت کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی تاکید کی گئی ہے۔