حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن میں 950 سے زائد دکانیں، مارکیٹیں اور غیر قانونی تعمیرات مسمار Home / پاکستان /

تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن میں 950 سے زائد دکانیں، مارکیٹیں اور غیر قانونی تعمیرات مسمار

ایڈیٹر - 09/11/2026
تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن میں 950 سے زائد دکانیں، مارکیٹیں اور غیر قانونی تعمیرات مسمار

پشاور میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن، سینکڑوں غیر قانونی تعمیرات منہدم

پشاور (رپورٹ: حسبان میڈیا): ضلعی انتظامیہ پشاور نے صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف ایک وسیع البنیاد گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اب تک رنگ روڈ اور اس سے ملحقہ اہم تجارتی علاقوں میں 950 سے زائد دکانیں، مارکیٹیں اور دیگر غیر قانونی تعمیرات مسمار کی جا چکی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ آپریشن پشاور سے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق یہ کارروائیاں جمیل چوک، پیر زکوڑی فلائی اوور، پشتخرہ چوک، کبوتر چوک اور رنگ روڈ کے دیگر ملحقہ علاقوں میں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PDA) اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار مشترکہ حکمت عملی کے تحت اس گرینڈ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس گرینڈ آپریشن کا بنیادی مقصد سرکاری اراضی کو ناجائز قبضہ داروں سے واگزار کرانا، اہم سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں کو کشادہ کرنا ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کا مستقل خاتمہ کیا جا سکے۔ انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ قبضہ مافیا کو 'ازخود مسماری' کے لیے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد اب سخت ترین قانونی مہم شروع کر دی گئی ہے۔