حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مولانا فضل الرحمان دوسروں کو انصاف کی تلقین کرتے ہیں اور خود قبضے کی جگہ پر بیٹھے ہیں: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی۔ Home / سیاست /

مولانا فضل الرحمان دوسروں کو انصاف کی تلقین کرتے ہیں اور خود قبضے کی جگہ پر بیٹھے ہیں: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی۔

- 11/11/2026
مولانا فضل الرحمان دوسروں کو انصاف کی تلقین کرتے ہیں اور خود قبضے کی جگہ پر بیٹھے ہیں: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی۔

مولانا فضل الرحمان پر قبضے اور کرپشن کے الزامات؛ زرداری کی دوستی احتساب سے نہیں بچا سکتی: گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور (حسبان میڈیا ڈیسک): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا دوسروں کو انصاف کی تلقین کرتے ہیں لیکن خود قبضے کی جگہ پر بیٹھے ہیں۔

گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان خود تو حلوہ کھاتے ہیں مگر دوسروں کو کھانے سے روکتے ہیں۔ انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور سربراہ جے یو آئی کے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی آپس میں دوستی ضرور ہے، تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ زرداری صاحب کرپشن کے معاملے میں مولانا کو بچائیں گے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) میں مبینہ بدعنوانی کا تذکرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ این ایچ اے میں مولانا کے صاحبزادے پر لگنے والے کرپشن کے الزامات کا بھی مکمل حساب ہونا چاہیے۔

سابق اتحادی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دورِ حکومت میں سب سے زیادہ فائدہ جے یو آئی کو ہوا۔ ان کے بقول پی ڈی ایم حکومت میں جے یو آئی کو اس کی من پسند وزارتیں دی گئیں جن میں مذہبی امور، ہاؤسنگ اور مواصلات جیسی اہم وزارتیں شامل تھیں۔ گورنر نے کہا کہ ان کے خیال میں کوئی ایسی بڑی وزارت باقی نہیں رہی جو جے یو آئی کو نہ ملی ہو، لہٰذا اب اگر کرپشن کے الزامات ثابت ہوتے ہیں تو متعلقہ افراد کو اس کی سزا بھگتنا پڑے گی۔