ٹریفک سب انسپکٹر ہلاکت کیس: بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی
کوئٹہ (حسبان میڈیا ڈیسک): بلوچستان ہائی کورٹ نے 2017ء کے معروف ٹریفک سب انسپکٹر ہلاکت مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی کے بھائی اور سابق رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) عبدالمجید اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔
عدالتِ عالیہ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سب انسپکٹر عطاء اللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف دائر اپیل پر سماعت مکمل کرنے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کا 4 ستمبر 2020ء کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا۔
عدالتی فیصلے میں مجرم کو مقتول سب انسپکٹر کے قانونی ورثاء کو دیت کی رقم ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ مزید برآں ہائی کورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو انہیں فوری طور پر گرفتار کر کے جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ جون 2017ء میں کوئٹہ میں سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطاء اللہ کچل کر جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد یہ مقدمہ ملک بھر میں توجہ کا مرکز بنا رہا تھا۔