حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی قیادت میں حکومتی وفد کا دورہ باجوڑ، بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت Home / پاکستان /

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی قیادت میں حکومتی وفد کا دورہ باجوڑ، بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت

ایڈیٹر - 03/07/2025
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی قیادت میں حکومتی وفد کا دورہ باجوڑ، بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت

مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین خان گنڈاپور کی ہدایت پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے ہمراہ باجوڑ دھماکے میں زخمیوں کی عیادت کی۔

گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل ، تحصیلدار عبدالوکیل اور دیگر اہلکاروں کی شہادت کے افسوسناک واقعے کے بعد چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس  خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ضلع باجوڑ کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور مشیر اطلاعات نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں فیصل اسماعیل، تحصیلدار عبدالوکیل، سب انسپکٹر نور حکیم، کانسٹیبل زاہد اللہ اور محکمہ آبپاشی کے ایک اہلکار سمیت پانچ افراد شہید جبکہ 17 زخمی ہوئے۔  حکام نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی، ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں ڈی سی کمپاؤنڈ میں سول و پولیس افسران، قبائلی مشران سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، جن میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور امن و امان سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور مشیر اطلاعات نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے جلد جامع اقدامات اٹھائے جائینگے۔ خیبرپختونخوا کے عوام اور پولیس نے ہمیش‍ہ جرأت اور قربانی کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔ اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ حکومت زخمی افسران کی بحالی اور شہداء کے اہل خانہ کی کفالت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ حکومتی وفد نے عوامی نمائندہ جرگہ سے بھی ملاقات کی،جرگے نے وفد کو سیکورٹی سمیت دیگر عوامی مسائل سے بھی  آگاہ کیا، حکومتی وفد نے مسائل بغور سنیں اور حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملک میں امن امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک دشمن عناصر ملک میں افراتفری چاہتے ہیں، امن امان کے قیام میں عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے،  عوام کے تعاون کے بغیر امن قائم کرنا مشکل ہے۔