حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل اعلیٰ سطحی رابطوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنی انسانی صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو مشترکہ طور پر بروئے کار لا کر متعدد ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اور ایران اپنی صلاحیتوں کو یکجا کرکے مشترکہ بنیادوں پر آگے بڑھیں تو دونوں ممالک مقامی اور علاقائی وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ضروریات پوری کرنے کی بہتر پوزیشن میں آسکتے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، توانائی، سیاحت اور مشترکہ سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی روابط میں وسعت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے سے پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مستحکم ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے اقتصادی تعاون میں رکاوٹیں کم کرنے اور دوطرفہ روابط کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جبکہ دستیاب علاقائی وسائل اور صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ استفادے کو دونوں ممالک کے مفاد میں قرار دیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے اسلام آباد سنجیدہ اور پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور معیشت کے علاوہ سیاحت، سیاست، ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھایا جاسکتا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ محسن نقوی کے دورۂ تہران کے دوران ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، داخلی امور سے متعلق تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔