حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): یارحسین کے علاقے مسکین آباد سے 2 بچیوں کے دن دہاڑے مبینہ اغوا کی اطلاع پر علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے مرکزی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
مظاہرین نے بچیوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور تلاش کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔
احتجاج کے دوران اہلِ علاقہ نے ڈی پی او صوابی وقاص رفیق اور ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ سے مطالبہ کیا کہ مبینہ اغوا کے معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کی جائیں اور بچیوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
مقامی افراد کے مطابق پولیس حکام نے بچیوں کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات کے لیے 24 گھنٹے کی مہلت مانگی، جس پر مظاہرین نے سڑک کھول دی اور احتجاج ختم کردیا۔
اہلِ علاقہ نے واضح کیا کہ اگر مقررہ 24 گھنٹوں کے دوران بچیوں کے حوالے سے کوئی قابلِ ذکر پیش رفت سامنے نہ آئی تو وہ دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔
مظاہرین نے مزید خبردار کیا کہ آئندہ احتجاج کی صورت میں علاقے کو غیر معینہ مدت تک بند رکھنے سمیت دیگر اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور مبینہ طور پر لاپتا بچیوں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔