حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پشتخرہ کے قریب رنگ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ڈی ایس پی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رنگ روڈ پر پشتخرہ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے اے این ایف کی گاڑی پر اچانک فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد زخمی ڈی ایس پی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں ڈی ایس پی وقاص خان سمیت اے این ایف کا عملہ موجود تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور مبینہ طور پر حیات آباد سے گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے رنگ روڈ تک پہنچے اور موقع ملتے ہی فائرنگ کردی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کے محرکات کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔