حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کو قتل سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب ایک مبینہ اشتہاری ڈاکو ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پیزو کی پولیس نے انڈس ہائی وے پر ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، جہاں مبینہ طور پر ڈکیتی کی کوشش کی جارہی تھی۔ پولیس کے پہنچنے پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او شفقت اللہ کی قیادت میں ہونے والے مقابلے کے دوران عمران نامی ایک مبینہ اشتہاری ڈاکو ہلاک ہوا، جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے عمران کا تعلق گلوٹی، ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا اور وہ پولیس کو قتل سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ہلاک مبینہ ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔