حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو سستے پٹرول کی فراہمی کے لیے شروع کی گئی خصوصی فیول ریلیف اسکیم کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے، جس کے تحت 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی کو بھی فوری طور پر اسکیم میں شامل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
وزیراعظم نے فیول ریلیف اسکیم کے تحت عوام کو اضافی سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ نئی سہولت کے تحت مستحق افراد کو ہر ہفتے 1 ٹوکن جاری کیا جائے گا، جبکہ ایک ماہ میں مجموعی طور پر 4 ٹوکن فراہم کیے جائیں گے۔
حکومت کے مطابق اسکیم کا بنیادی مقصد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثرہ شہریوں کو مالی ریلیف دینا اور خصوصاً موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی استعمال کرنے والے افراد کے اخراجات کم کرنا ہے۔
وزیراعظم کی خصوصی پٹرول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کی فراہمی بھی جاری ہے۔ اسکیم کے موجودہ طریقہ کار کے مطابق موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر رعایت فراہم کی جارہی ہے۔
یہ اسکیم ابتدائی طور پر اسلام آباد میں شروع کی گئی تھی، تاہم اب اس کا دائرہ ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
حکومت نے شہریوں کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ بھی آسان رکھا ہے۔ شہری موبائل فون سے سادہ ایس ایم ایس کے ذریعے اسکیم میں رجسٹریشن کراسکتے ہیں، جس کے بعد خودکار اور شفاف نظام کے تحت رعایتی پٹرول حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق اس نظام کی تیاری میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام، نادرا، صوبائی محکموں اور ٹیلی کام آپریٹرز نے مشترکہ طور پر کردار ادا کیا ہے، تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جاسکے۔