حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کوئٹہ میں گھر کے اندر موٹرسائیکل میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق Home / پاکستان /

کوئٹہ میں گھر کے اندر موٹرسائیکل میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

ایڈیٹر - 19/09/2026
کوئٹہ میں گھر کے اندر موٹرسائیکل میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): سریاب کے علاقے کیچی بیگ میں گھر کے اندر کھڑی موٹرسائیکل میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کے دوران حادثاتی طور پر دھماکا ہونے کا امکان سامنے آیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ کیچی بیگ تھانے کی حدود میں کلی اللہ آباد میں پیش آیا، جہاں ایک مکان کے اندر موجود موٹرسائیکل اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موٹرسائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران دھماکا ہوگیا۔ ابتدائی شواہد کے مطابق موٹرسائیکل میں تقریباً 1 کلوگرام دھماکا خیز مواد موجود تھا۔

واقعے کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تفتیشی ٹیمیں دھماکے کے محرکات، دھماکا خیز مواد کی نوعیت اور واقعے سے جڑے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہیں، جبکہ مزید شواہد بھی جمع کیے جارہے ہیں۔