حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 5G کی انٹری، 7 مقامات پر آزمائشی سروس شروع Home / پاکستان /

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 5G کی انٹری، 7 مقامات پر آزمائشی سروس شروع

ایڈیٹر - 19/09/2026
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 5G کی انٹری، 7 مقامات پر آزمائشی سروس شروع

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ کے نئے دور کا آغاز ہوگیا، اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے دونوں خطوں کے 7 مقامات پر 5G سروس کا آزمائشی افتتاح کردیا۔

ایس سی او کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایس سی او نے مختلف مقامات پر 5G سروس کا افتتاح کیا، جس کے بعد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جدید موبائل ٹیکنالوجی کی آزمائشی سہولت صارفین کے لیے فعال ہوگئی ہے۔

اس موقع پر گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ہیڈکوارٹرز میں 5G ٹیکنالوجی کے عملی مظاہرے بھی کیے گئے، جہاں جدید سروس کی کارکردگی اور ممکنہ استعمالات کا جائزہ لیا گیا۔

ایس سی او کا کہنا ہے کہ 5G سروس کے آزمائشی آغاز سے صارفین کے تجربات اور ضروریات کو سمجھنے میں مدد ملے گی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے وسیع استعمال کے لیے آئندہ کے اقدامات کی بنیاد بھی فراہم ہوگی۔

ادارے کے مطابق دسمبر 2026 تک مزید 20 سائٹس پر 5G سروس فعال کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے بعد دونوں خطوں میں 5G سائٹس کی مجموعی تعداد 27 ہوجائے گی۔

5G ٹیکنالوجی کے فروغ سے سیاحت، تعلیم، صحت، کاروبار اور عوامی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں تیز رفتار ڈیجیٹل رابطوں اور جدید سہولیات کے امکانات پیدا ہوں گے۔

ایس سی او کے اس اقدام کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل رابطوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔