حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کوہاٹ میں خودکش دھماکا، 16 افراد جاں بحق، 50 زخمی؛ 5 پولیس اہلکار بھی شہید Home / پاکستان /

کوہاٹ میں خودکش دھماکا، 16 افراد جاں بحق، 50 زخمی؛ 5 پولیس اہلکار بھی شہید

ایڈیٹر - 18/09/2026
کوہاٹ میں خودکش دھماکا، 16 افراد جاں بحق، 50 زخمی؛ 5 پولیس اہلکار بھی شہید

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک) : اولڈ پولیس لائنز کے قریب اسپیشل برانچ کی عمارت کے نزدیک خودکش دھماکے میں 16 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوگئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔

خیبرپختونخوا پولیس کے سینٹرل پولیس آفس کے مطابق جمعے کو ہونے والے دھماکے میں خودکش حملہ آور نے اسپیشل برانچ کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔

دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال کوہاٹ منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال کوہاٹ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طاہر کے مطابق اسپتال میں اب تک 16 افراد کی لاشیں اور 50 زخمی لائے جاچکے ہیں، جبکہ زخمیوں کے علاج کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شامل ہیں۔

سینٹرل پولیس آفس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

پولیس نے علاقے میں سرچ اور سیکیورٹی کارروائی مزید تیز کردی ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور دیگر پہلوؤں سے متعلق تحقیقات بھی جاری ہیں۔