حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کرک میں پولیس مقابلہ، ظفران شہید کیس کا مرکزی اشتہاری نصیب اللہ ہلاک Home / پاکستان /

کرک میں پولیس مقابلہ، ظفران شہید کیس کا مرکزی اشتہاری نصیب اللہ ہلاک

ایڈیٹر - 17/09/2026
کرک میں پولیس مقابلہ، ظفران شہید کیس کا مرکزی اشتہاری نصیب اللہ ہلاک

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ظفران شہید کیس میں مطلوب مرکزی اشتہاری ملزم نصیب اللہ کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق نصیب اللہ 9 ستمبر کو پولیس پارٹی پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں براہ راست ملوث تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار ظفران شہید جبکہ سپاہی امتیاز زخمی ہوئے تھے۔

پہاڑی علاقے میں موجودگی کی اطلاع

پولیس حکام کے مطابق کرک پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ظفران شہید کیس کا مرکزی اشتہاری نصیب اللہ سرابی کے پہاڑی علاقے میں موجود ہے۔

اطلاع ملنے پر ڈی پی او کرک عمران خان کی نگرانی میں ضلعی پولیس کی مختلف ٹیموں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا اور مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔

پولیس پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران مطلوب ملزم نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں مرکزی اشتہاری نصیب اللہ مارا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں مزید ملوث افراد تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ علاقے میں سرچ کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔

مزید ملزمان کو گرفتار کرنے کا عزم

ڈی پی او کرک عمران خان نے کہا کہ خصوصی پولیس ٹیموں کی مسلسل محنت اور تفتیشی پیش رفت کے نتیجے میں مرکزی اشتہاری کا سراغ لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار ظفران کی شہادت میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی جی خیبرپختونخوا کی کرک پولیس کو شاباش

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کارروائی پر کرک پولیس کو سراہتے ہوئے امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گرد عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔