حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): کمشنر کوئٹہ ذیشان لاشاری نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔
ذیشان لاشاری کی زیر صدارت اجلاس میں بلوچستان سے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے جاری انتظامی اقدامات اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں مقیم تقریباً 8 لاکھ افغان مہاجرین کو اب تک افغانستان واپس بھیجا جاچکا ہے، جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جاچکے ہیں۔
حکام کے مطابق اس وقت بھی کوئٹہ میں تقریباً 23 ہزار افغان مہاجرین موجود ہیں، جن کی واپسی کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے افغان شہری جو پاکستان سے واپسی کے بعد دوبارہ ملک میں داخل ہوئے ہیں، ان کے حوالے سے محکمہ داخلہ سے آئندہ کے لائحہ عمل اور ضروری ہدایات حاصل کی جائیں گی۔
کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل میں تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ واپسی کے بعد دوبارہ پاکستان آنے والے افغان شہریوں کے معاملے میں قانون اور حکومتی پالیسی کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔