حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستانی پانڈا بانڈ نے عالمی میدان میں بڑا اعزاز جیت لیا، سرمایہ کاروں کی طلب 5 گنا سے تجاوز Home / پاکستان /

پاکستانی پانڈا بانڈ نے عالمی میدان میں بڑا اعزاز جیت لیا، سرمایہ کاروں کی طلب 5 گنا سے تجاوز

ایڈیٹر - 17/09/2026
پاکستانی پانڈا بانڈ نے عالمی میدان میں بڑا اعزاز جیت لیا، سرمایہ کاروں کی طلب 5 گنا سے تجاوز

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان کے پہلے پائیدار خودمختار پانڈا بانڈ نے 2026 ایشیا بحرالکاہل کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں عالمی اعزاز حاصل کرلیا، جبکہ بانڈ کے اجرا پر سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے مئی 2026 میں اپنا پہلا پائیدار پانڈا بانڈ چینی مارکیٹ میں جاری کیا، جس کی مجموعی مالیت 1.75 ارب چینی یوآن تھی۔

انہوں نے بتایا کہ 3 سالہ مدت کے اس بانڈ پر 2.5 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا، تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے موصول ہونے والی مجموعی طلب جاری کردہ بانڈ کے حجم سے 5 گنا سے بھی زیادہ رہی۔

خرم شہزاد کے مطابق بانڈ سے حاصل ہونے والے وسائل پانی، توانائی اور صحت کے شعبوں میں ایسے منصوبوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں جو پائیدار ترقی اور سماجی شمولیت کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون کو نئی جہت دینے کے ساتھ ساتھ عالمی سرمایہ کاری کے لیے بھی نئے راستے کھول رہا ہے۔

مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ بانڈ کی ریکارڈ طلب اور عالمی پذیرائی پاکستان کی معاشی بحالی اور مالیاتی استحکام میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانڈا بانڈ کی کامیابی سے پاکستان اور چین کے مالیاتی روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں، جبکہ سی پیک کے بعد دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے اور کیپٹل مارکیٹ میں بھی اسٹریٹجک تعاون کے نئے امکانات پیدا ہورہے ہیں۔