حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پشاور میں پولیس مقابلہ، 13 سنگین مقدمات میں مطلوب 2 ملزمان ہلاک Home / پاکستان /

پشاور میں پولیس مقابلہ، 13 سنگین مقدمات میں مطلوب 2 ملزمان ہلاک

ایڈیٹر - 16/09/2026
پشاور میں پولیس مقابلہ، 13 سنگین مقدمات میں مطلوب 2 ملزمان ہلاک

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): صوبائی دارالحکومت کے علاقے بھانہ ماڑی میں پولیس اور مبینہ مطلوب ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے، جنہیں پولیس نے انتہائی مطلوب گینگ کا حصہ قرار دیا ہے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت شاکر ولد لعل محمد اور عثمان ولد فضل غنی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مختلف سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف مجموعی طور پر 13 مقدمات درج تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف ڈکیتی، راہزنی، قتل، اقدام قتل اور پولیس اہلکاروں پر حملوں سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے۔

حکام کے مطابق دونوں ملزمان پر سول کوارٹر روڈ پر ایک صراف سے 1 کروڑ 78 لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی میں ملوث ہونے کا بھی الزام تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع قبرستان غازی بابا لارہ میں ملی، جس پر پولیس ٹیم نے وہاں کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی، نتیجتاً دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے بعد ملزمان کے قبضے سے 68 لاکھ روپے کی مبینہ مسروقہ رقم برآمد ہوئی، جبکہ ایک کلاشنکوف، ایک پستول اور موٹر سائیکل بھی تحویل میں لی گئی۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن اور تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کے خلاف درج مقدمات کے علاوہ دیگر وارداتوں میں ان کے ممکنہ کردار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔