حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی خسارے میں رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست 2026 کے دوران سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 57 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔ یوں تجارتی خسارے میں 18.37 فیصد کمی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پاکستان نے سعودی عرب کو 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں، جبکہ گزشتہ سال جولائی اور اگست میں برآمدات کا حجم 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
اس طرح سعودی عرب کے لیے پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 3.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب اسی عرصے کے دوران سعودی عرب سے پاکستان کی درآمدات میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان مجموعی تجارتی خسارہ گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوگیا۔
حکام کے مطابق درآمدات میں کمی تجارتی خسارے کو محدود کرنے میں اہم عنصر ثابت ہوئی ہے۔