حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ضلع لکی مروت میں لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں انڈس ہائی وے کے قریب سے مزید 2 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں لاشیں سلیمان ڈیزل ایجنسی کے قریب سڑک کے کنارے سے ملی ہیں، جنہیں مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈاڈیوالہ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی۔ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ قتل کے محرکات اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی شناخت اور واقعے کی وجوہات سامنے آنے کے بعد مزید پیش رفت متوقع ہے۔