حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرول مہنگا ہوا تو ملک گیر ہڑتال، گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو خبردار کردیا Home / پاکستان /

پیٹرول مہنگا ہوا تو ملک گیر ہڑتال، گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو خبردار کردیا

ایڈیٹر - 16/09/2026
پیٹرول مہنگا ہوا تو ملک گیر ہڑتال، گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو خبردار کردیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے امکان پر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں تو ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی جاسکتی ہے۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایندھن مزید مہنگا ہونے کی صورت میں ٹرانسپورٹرز کے لیے موجودہ کرایوں پر گاڑیاں چلانا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس پالیسی کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید دباؤ کا شکار ہے اور اس سے وابستہ افراد کے روزگار پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگست میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جبکہ اس سے قبل دسمبر اور اگست میں بھی حکومتی فیصلوں کے خلاف ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی جاچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں کے بعد ٹرانسپورٹرز نے اگست کی ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو ملک بھر میں دوبارہ ہڑتال کی جائے گی۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مانگا گیا 40 روزہ وقت آئندہ ہفتے مکمل ہونے والا ہے، اس لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کریں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تو اس کے اثرات کم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹرز کو دیگر ٹیکسز میں ریلیف دیا جائے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور دیگر محصولات میں کمی کرکے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو سہولت دی جاسکتی ہے، جبکہ دسمبر اور اگست کی ہڑتالوں کے دوران کیے گئے حکومتی وعدوں پر بھی مکمل عمل درآمد ضروری ہے۔