حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی جانب مبینہ ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان اور اس کے عوام سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسجد الحرام جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، جس پر پاکستانی قوم کو گہری تشویش اور دکھ ہے۔
وزیراعظم نے سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی فورسز نے غیرمعمولی مستعدی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیدا ہونے والے خطرے کا فوری مقابلہ کیا۔
شہباز شریف نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے کو مزید کشیدگی کی جانب جانے سے روکنے کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ پہلے ہی طویل عرصے سے جاری تنازعات کی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے، اس لیے پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کے لیے بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہونا اور حرمین شریفین کے تحفظ کی حمایت کرنا پاکستانی عوام کے لیے انتہائی اہم معاملہ ہے۔