حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں یمن بحران پر پاکستان کا بڑا مؤقف، سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت Home / پاکستان /

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں یمن بحران پر پاکستان کا بڑا مؤقف، سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت

ایڈیٹر - 16/09/2026
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں یمن بحران پر پاکستان کا بڑا مؤقف، سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار احمد نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

یمن کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یمن کا بحران ایک خطرناک موڑ پر پہنچ چکا ہے اور مزید بگاڑ کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانے والے حملوں کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ان سے علاقائی امن، عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ اہم بحری راستوں کو تنازع میں گھسیٹنے یا ان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یمن میں 2022 سے قائم نسبتاً پُرسکون صورتحال اب ختم ہوچکی ہے اور بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ملک میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر جنگ چھڑنے کا خطرہ پیدا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی باب المندب کے اطراف بڑھتی کشیدگی اور یمن کے مغربی ساحل پر لڑائی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرچکا ہے۔ جاری جھڑپیں پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہیں، جبکہ حالیہ کشیدگی کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد افراد کے اندرون ملک بے گھر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ یمن میں جنگ بندی اور سیاسی حل کے لیے سفارتی سرگرمیوں کو فوری طور پر تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن کی قیادت میں ایک جامع سیاسی عمل کی بحالی کی حمایت کرتا ہے۔

عاصم افتخار احمد کے مطابق کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سیاسی مفاہمت کے ذریعے ہی یمن کے بحران کا پائیدار حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان خطے میں تناؤ کم کرنے، مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور یمن میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔