حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے موٹرسائیکل، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے اعلان کردہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا اسلام آباد میں باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
اس اسکیم کے تحت اہل شہریوں کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت پر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی، جبکہ اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یہ سہولت بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے دستیاب ہوگی۔
حکومتی اسکیم کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے افراد ریلیف کے اہل ہوں گے۔ موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی مالکان کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق رجسٹریشن کے لیے شہری REG لکھ کر اپنا شناختی کارڈ نمبر 9771 پر ایس ایم ایس کریں گے۔ پیغام میں گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ بھی درج کرنا ہوگی۔
رجسٹریشن کے بعد فیول ٹوکن حاصل کرنے کے لیے TOK لکھ کر 9771 پر پیغام بھیجنا ہوگا۔ جاری کردہ فیول ٹوکن دکھانے پر متعلقہ شہری کو رعایتی نرخ پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔