حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): صوبائی دارالحکومت میں فائرنگ اور قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں فائرنگ کے 2 الگ واقعات میں 2 افراد کو قتل کردیا گیا۔
پہلا واقعہ ارمڑ کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے 40 سالہ زمیندار رحیم خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جبکہ دوسرا واقعہ تھانہ خزانہ کی حدود میں پیش آیا جہاں 38 سالہ محمد وصال کو نامعلوم ملزمان نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ارمڑ بالا کے علاقے ہوائی ونڈ میں رحیم خان کی خون میں لت پت لاش برآمد ہوئی۔ مقتول گزشتہ شام اراضی سے متعلق کام کے لیے گھر سے نکلا تھا، تاہم رات گئے تک واپس نہ آنے پر اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی۔
مقتول کی بہن کی جانب سے پولیس کو دی گئی رپورٹ کے مطابق اہل خانہ کو بعدازاں اطلاع ملی کہ رحیم خان کی لاش علاقے میں پڑی ہے۔ موقع پر پہنچنے پر اس کے قتل کی تصدیق ہوئی۔
اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں تھی، جس کے باعث قتل کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
ورثا کے مطابق رحیم خان خاندان کا واحد کفیل تھا اور اپنی بیمار والدہ اور بہنوں کی دیکھ بھال کرتا تھا۔ مقتول کے والد پہلے ہی انتقال کرچکے ہیں، جبکہ اس کے قتل کے بعد اس کا 3 سالہ بیٹا بھی والد کے سائے سے محروم ہوگیا۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، جبکہ مقتول کے موبائل فون کے ڈیٹا سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کو بھی تفتیش میں شامل کیا جائے گا۔
دوسرا واقعہ تھانہ خزانہ کی حدود میں پیش آیا جہاں بیڑئی گودر شاہ عالم، تخت آباد کے مقام پر 38 سالہ محمد وصال کی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق محمد وصال کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔ مقتول کے بھائی جہانگیر نے بتایا کہ وہ فقیر آباد میں اپنی دکان پر موجود تھا جب اسے اطلاع ملی کہ اس کے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔
اطلاع ملنے پر وہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو محمد وصال خون میں لت پت پڑا تھا۔ مدعی کے مطابق ان کے خاندان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔
پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی جبکہ واقعے کی وجوہات اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج، جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور دیگر ذرائع کی مدد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔