حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو قتل کردیا، واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع پیپل اڈا کے مقام پر پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے پولیس اہلکار پیر احمد شاہ کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں پیر احمد شاہ شدید زخمی ہوئے تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔