حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسلام آباد احتجاج پر ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، سیاسی جماعتوں کو سڑکیں بند کرنے سے روک دیا Home / پاکستان /

اسلام آباد احتجاج پر ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، سیاسی جماعتوں کو سڑکیں بند کرنے سے روک دیا

ایڈیٹر - 14/09/2026
اسلام آباد احتجاج پر ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، سیاسی جماعتوں کو سڑکیں بند کرنے سے روک دیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت یا عوامی عہدہ رکھنے والے فرد کو وفاقی دارالحکومت کی سڑکیں، شاہراہیں یا عوامی مقامات بند کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ سیاسی جماعتیں یا ان کے رہنما شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتے اور نہ ہی انہیں عوامی مقامات پر قبضے کا قانونی حق حاصل ہے۔

عدالت نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے احتجاج، مارچ، جلوس یا ریلی کے لیے سرکاری مشینری اور وسائل استعمال نہ ہونے دیے جائیں۔ سرکاری فنڈز، افسران، گاڑیاں، مشینری یا دیگر سرکاری سامان سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے سے بھی روک دیا گیا۔

فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ کسی سرکاری ملازم کو سیاسی احتجاج میں شرکت پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، جبکہ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور وزارت داخلہ کو شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری سونپتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

عدالت نے چیف سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرلز پولیس کو بھی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو بھی عدالتی ہدایات سے آگاہ کردیا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ سیاسی سرگرمیوں اور احتجاج کے حق کے ساتھ شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت اور دیگر آئینی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنانا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔