حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں 4 لانگ مارچز کا اعلان، اشیائے ضروریہ کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ، تاجروں نے ذخیرہ بڑھا دیا Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا میں 4 لانگ مارچز کا اعلان، اشیائے ضروریہ کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ، تاجروں نے ذخیرہ بڑھا دیا

ایڈیٹر - 14/09/2026
خیبرپختونخوا میں 4 لانگ مارچز کا اعلان، اشیائے ضروریہ کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ، تاجروں نے ذخیرہ بڑھا دیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا میں آئندہ چند روز کے دوران مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے متوقع لانگ مارچز نے تاجروں اور گڈز ٹرانسپورٹرز میں تشویش پیدا کردی ہے، جبکہ ممکنہ طور پر بین الصوبائی راستے بند ہونے کے خدشے کے پیش نظر پشاور سمیت مختلف اضلاع میں ضروری اشیاء کی اضافی مقدار منگوانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ستمبر کے دوران مختلف تنظیموں نے احتجاجی مارچز کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ جماعت اسلامی نے 20 ستمبر، آزاد کشمیر ایکشن کمیٹی نے 22 ستمبر، کسان تنظیموں نے 25 ستمبر جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ ان سرگرمیوں کے دوران اگر اہم شاہراہیں بند ہوئیں تو خیبرپختونخوا میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری سامان کی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں بعض اشیاء کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔

پنجاب سے سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی خوراک اور روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء کی بڑی مقدار پنجاب سے صوبے میں پہنچتی ہے۔ موٹروے یا جی ٹی روڈ کی بندش کی صورت میں سبزیوں، پھلوں، خوراک اور دیگر ضروری سامان کی بین الصوبائی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔

خاص طور پر صوابی کے مقام پر موٹروے یا اٹک کے مقام پر جی ٹی روڈ بند ہونے کی صورت میں پنجاب سے خیبرپختونخوا آنے والی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

تاجروں نے اضافی مال منگوانا شروع کردیا

ممکنہ سڑکوں کی بندش اور سپلائی میں تعطل سے نمٹنے کے لیے پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع کے تاجروں اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے پہلے سے اضافی سامان منگوانا شروع کردیا ہے۔

تاجروں کے مطابق اضافی اسٹاک رکھنے کا مقصد احتجاجی سرگرمیوں کے دوران ترسیل متاثر ہونے کی صورت میں مارکیٹ میں ضروری اشیاء کی دستیابی برقرار رکھنا ہے۔

پولیس نے بھی سکیورٹی پلان پر کام تیز کردیا

دوسری جانب متوقع لانگ مارچز کے پیش نظر کیپیٹل سٹی پولیس سمیت خیبرپختونخوا پولیس نے بھی سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔

پولیس حکام کی جانب سے اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں کے مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ آمدورفت اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کو ممکنہ حد تک معمول پر رکھا جاسکے۔