حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): تھانہ سرڈھیری کی حدود میں رشتے سے انکار پر مسلح افراد کی جانب سے گھر میں داخل ہوکر کم عمر لڑکی کو مبینہ طور پر زبردستی ساتھ لے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق گل آباد میرہ کی رہائشی خاتون نے مقدمہ درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا شوہر مزدوری کے سلسلے میں گھر سے باہر تھا، اسی دوران اس کے بھائی ریاض، بھتیجے شوکت اور 2 نامعلوم مسلح افراد مبینہ طور پر گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے۔
مدعیہ کے مطابق شوکت نے اس کی کم عمر بیٹی کو مبینہ طور پر زبردستی شادی کی نیت سے گاڑی میں بٹھایا اور نامعلوم مقام پر لے گیا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ شوکت اس سے قبل بھی لڑکی کا رشتہ طلب کرچکا تھا، تاہم اہل خانہ نے انکار کردیا تھا کیونکہ لڑکی کا رشتہ پہلے ہی خاندان کے ایک نوجوان سے طے کیا جاچکا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامزد اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ مبینہ طور پر اغوا ہونے والی لڑکی کی بازیابی کے لیے تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ لڑکی کی بحفاظت بازیابی کے لیے ممکنہ مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔