حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
لکی مروت میں 5 لاشیں برآمد، باپ پر بیٹی کے قتل کا الزام Home / پاکستان /

لکی مروت میں 5 لاشیں برآمد، باپ پر بیٹی کے قتل کا الزام

ایڈیٹر - 10/09/2026
لکی مروت میں 5 لاشیں برآمد، باپ پر بیٹی کے قتل کا الزام

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مختلف واقعات کے دوران 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں 32 سالہ خاتون بھی شامل ہے جسے مبینہ طور پر اس کے والد نے کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا، جبکہ دیگر 4 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کا ابتدائی طور پر انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق 9 ستمبر کی شب تقریباً 2 بجے اباخیل کے محلہ شیری خیل میں میر عالم نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی ناہید اختر پر کلہاڑی سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 32 سالہ خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ سٹی ہسپتال منتقل کردیا، جبکہ مقتولہ کی بہن زینت بی بی کی مدعیت میں والد میر عالم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی بہن نے الزام عائد کیا ہے کہ والد اس سے قبل بھی اپنی بیٹی کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب ضلع کے مختلف علاقوں سے مزید 4 افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق 2 لاشیں کرم پل کے قریب جبکہ 2 افراد کی لاشیں منجیوالہ روڈ کے کنارے سے ملیں۔ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ چاروں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، تاہم ان واقعات کی وجوہات اور مقتولین کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

پولیس نے تمام واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔