حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): حکومت نے ملک میں گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے عالمی سطح پر خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کردیا ہے۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم صوبوں کی ضرورت اور طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے تقسیم کی جائے گی، جبکہ بیرون ملک سے منگوائی جانے والی گندم تازہ فصل کی پیداوار ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
عالمی سپلائرز کے لیے ٹینڈر میں کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی پیشکش کی شرط رکھی گئی ہے۔ گندم کی ترسیل کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں تک سی ایف آر بنیاد پر کی جائے گی۔
گندم کی درآمد کے لیے بولیاں 16 ستمبر کو صبح 11 بج کر 30 منٹ تک جمع کرائی جاسکیں گی، جبکہ موصول ہونے والی پیشکشیں اسی روز دوپہر 12 بجے کھولی جائیں گی۔
حکام کے مطابق درآمدی گندم صوبوں میں ان کی ضرورت کے تناسب سے تقسیم ہوگی۔ سندھ کو 3 لاکھ میٹرک ٹن، پنجاب کو 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن جبکہ خیبرپختونخوا کو 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گندم کی سالانہ کھپت تقریباً 3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے، جبکہ اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ملکی گندم کی پیداوار 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار ٹن رہی۔
ماہرین کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے تک پاسکو کے ذخائر میں تقریباً 17 لاکھ 83 ہزار ٹن گندم موجود تھی۔ ملکی پیداوار اور مجموعی ضرورت کے درمیان فرق کے باعث حکومت نے اضافی گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔