حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ضلع نوشہرہ کے علاقے زیارت کاکا صاحب کے قریب چکن گونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز نے تشویش پیدا کردی، جہاں 4 دیہات میں وائرس کے پھیلاؤ کی اطلاعات کے بعد محکمہ صحت نے ہنگامی بنیادوں پر انسدادی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ کے مطابق زیارت کاکا صاحب سے ملحقہ سپن کانے سمیت 4 دیہات میں چکن گونیا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ علاقے سے اب تک 280 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے 14 افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نگرانی کا عمل تیز کردیا گیا ہے، جبکہ شہریوں میں پائی جانے والی تشویش کے پیش نظر طبی اقدامات بھی جاری ہیں۔
صورتحال کا جائزہ لینے اور بیماری کے پھیلاؤ کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مشتبہ مریضوں کے نمونے بھی حاصل کیے گئے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نوشہرہ نے متاثرہ علاقوں میں مچھر مار اسپرے اور دیگر حفاظتی اقدامات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور بیماری کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔