حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر، جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی نئی شرح مقرر Home / پاکستان /

سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر، جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی نئی شرح مقرر

ایڈیٹر - 08/09/2026
سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر، جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی نئی شرح مقرر

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں جمع رقوم پر منافع کی نئی شرح مقرر کردی ہے، جس کے تحت مالی سال 2025-26 کے لیے سالانہ منافع 12.05 فیصد ہوگا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ قرارداد کے مطابق جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں موجود جمع شدہ رقوم اور کھاتہ داروں کے کریڈٹ بیلنس پر مذکورہ شرح کے حساب سے منافع ادا کیا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25 کے دوران جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی شرح 12.46 فیصد سالانہ تھی، جسے یکم جولائی 2025 سے شروع ہونے والے مالی سال کے لیے کم کرکے 12.05 فیصد کردیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزارت ریلوے اور وزارت دفاع کے ماتحت چلنے والے مختلف پروویڈنٹ فنڈز کے حوالے سے متعلقہ مالی سال کے لیے منافع کی شرح اور دیگر ضروری ہدایات دونوں وزارتیں الگ سے جاری کریں گی۔

وفاقی حکومت نے وزارت خزانہ کی قرارداد کو سرکاری گزٹ میں شائع کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ اس کے بعد مالی سال 2025-26 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں موجود رقوم اور کھاتہ داروں کے کریڈٹ بیلنس پر 12.05 فیصد سالانہ منافع کی شرح باضابطہ طور پر نافذ ہوگی۔