اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ملک میں چینی کے وافر ذخائر اور مارکیٹ کی مستحکم صورتحال کے پیشِ نظر ماضی میں درآمد کی گئی چینی کو دوبارہ برآمد (Re-export) کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (TCP) نے باقاعدہ اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
حسبان میڈیا کے بیورو چیف کی رپورٹ کے مطابق، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے 7 لاکھ 7 ہزار 739 میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی کی برآمد کے لیے عالمی سطح پر ای-ٹینڈر (E-Tender) جاری کر دیا ہے۔ ٹی سی پی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس برآمدی عمل کے لیے بولیاں ای پی اے ڈی ایس (EPADS) کے ذریعے طلب کی گئی ہیں، جنہیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 ستمبر 2026 صبح 11 بجے تک مقرر کی گئی ہے۔ موصول ہونے والی تمام بولیوں کو اسی روز یعنی 28 ستمبر کی صبح ساڑھے 11 بجے آن لائن اوپننگ کے ذریعے کھولا جائے گا۔
دستاویزی تفصیلات کے مطابق، برآمد کی جانے والی 7 لاکھ 7 ہزار 739 میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی اس وقت کراچی میں واقع پيپری گودام (Pipri Godown) میں موجود ہے، جہاں سے اسے "موجودہ حالت" (As is basis) میں ہی بیرونِ ملک روانہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے درآمد شدہ چینی کی برآمد کا یہ بڑا فیصلہ ملک میں چینی کی سپلائی پوزیشن، وافر اسٹاک اور مقامی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کو تفصیلی طور پر مدِ نظر رکھ کر کیا گیا ہے تاکہ تجارتی توازن کو بہتر بنایا جا سکے۔