بنوں: خلیفہ گلنواز ہسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ بھڑکنے سے ہسپتال میں تشویش پھیل گئی، تاہم ریسکیو 1122 کی فوری کارروائی کے باعث آگ کو بروقت قابو کرلیا گیا اور وارڈ میں موجود تمام مریضوں کو بحفاظت دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئی اور تقریباً 5 منٹ میں ہسپتال پہنچ گئی، جہاں اہلکاروں نے امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔
فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے تقریباً 10 منٹ کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پالیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کے دوران گائنی وارڈ میں موجود تمام مریضوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا، جس کے باعث کسی بھی بڑے نقصان کا خدشہ ٹل گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔
ہسپتال انتظامیہ نے بروقت پہنچنے اور مؤثر انداز میں آگ پر قابو پانے پر ریسکیو 1122 بنوں کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔