حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): شہر کے علاقے ہزارگنجی میں نامعلوم مسلح افراد نے شالکوٹ تھانے کو دستی بم حملوں کا نشانہ بنا دیا، یکے بعد دیگرے 3 دستی بم پھینکے جانے سے ہونے والے دھماکوں میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور کارروائی کے فوراً بعد فرار ہوگئے، جبکہ دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار اور راہگیر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں پہنچ کر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے اور ممکنہ طور پر حملہ آوروں کی موجودگی کے پیش نظر مختلف مقامات کی ناکہ بندی کردی۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، جبکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں اور حملے میں ملوث عناصر تک پہنچنے کے لیے دستیاب شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔