حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جنگِ ستمبر کے 61 سال مکمل،ملک بھر میں آج یومِ دفاعِ و شہدا جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے Home / پاکستان /

جنگِ ستمبر کے 61 سال مکمل،ملک بھر میں آج یومِ دفاعِ و شہدا جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

ایڈیٹر - 06/09/2026
جنگِ ستمبر کے 61 سال مکمل،ملک بھر میں آج یومِ دفاعِ و شہدا جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

کراچی: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا روایتی اور بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن ستمبر 1965 کی جنگ کے ان غازیوں اور شہدا کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے آج سے ٹھیک 61 سال قبل رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرنے والے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔ وطنِ عزیز کے دفاع کی اسی شاندار روایت کو دہراتے ہوئے مسلح افواج نے گزشتہ برس مئی میں بھی دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔

یومِ دفاع و شہدا کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومت کراچی میں بابا ئے قوم کے مزارِ قائد پر ایک پروقار اور خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اکیڈمی اصغر خان کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزار پر گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی، ایئر وائس مارشل حسن فیصل تھے۔ انہوں نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے تمام شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے ایک امن پسند ملک رہا ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن ملک کی سلامتی اور خودمختاری پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری ہے اور ہر مشکل گھڑی میں صفِ اول میں کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے گزشتہ برس بھارتی فضائی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ کے موثر اور کرارے جواب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری فضائی حدود کا دفاع انتہائی مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ایئر وائس مارشل نے مزید کہا کہ ایئر چیف کی مدبرانہ قیادت میں پاک فضائیہ کو جدید ترین دفاعی نظام سے لیس کر دیا گیا ہے، جو کسی بھی قسم کے بیرونی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔