سوات (بیورو رپورٹ) سوات میں رحیم آباد پولیس نے عوامی شکایات کے بعد ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے سخت نوٹس پر منشیات فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرتے ہوئے 10 خاندانوں کو علاقہ بدر کر دیا۔ ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد فضل رحیم خان نے پولیس ٹیم اور علاقہ عمائدین کے تعاون سے کارروائی کی، جس کے دوران سراج سکنہ ملک آباد تختہ بند، حیدر علی سکنہ شین باغ قمبر، صدیق سکنہ فارم کورونہ رحیم آباد، شیر علی سکنہ قمبر، مطلوب سکنہ ملک آباد تختہ بند، عصمت عرف طوطا سکنہ میزوڈھیرئی قمبر، گل محمد سکنہ رحمان آباد، مسمات ن سکنہ اینگروڈھیرئی اور مسمات شین سکنہ اوڈیگرام کو خاندانوں سمیت اپنے ملکیتی اور کرایہ کے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا۔ ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا کہ پرامن معاشرے میں بدنامی کا باعث بننے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، منشیات سے پاک معاشرے کا قیام سوات پولیس کا عزم ہے اور نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔