پشاور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ویزا قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر ابتدائی طور پر 63 غیر ملکی شہریوں کو پاکستان سے ڈی پورٹ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ سیل نے غیر قانونی طور پر مقیم اور ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت پشاور میں بڑی کارروائی عمل میں لائی۔ ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک بدر کیے جانے والے 63 غیر ملکی باشندوں کو ویزا شرائط سے انحراف، غیر اخلاقی مواد کی فروخت اور دیگر غیر قانونی دھندوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا، جنہیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ان کے آبائی ممالک واپس بھجوا دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد میں سب سے بڑی تعداد ویتنام کے شہریوں کی ہے جن کی کل تعداد 36 ہے، جبکہ دوسرے نمبر پر 26 چینی شہریوں کو بھی ملک بدر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان میں ملائیشیا کا ایک شہری بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے ترجمان نے مزید تصدیق کی ہے کہ قانون شکنی پر کارروائی کا نشانہ بننے والے ان تمام افراد کے نام باقاعدہ طور پر 'فارن بلیک لسٹ' (Foreign Blacklist) میں شامل کر دیے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں ان کی پاکستان آمد کو مستقل طور پر روکا جا سکے اور وہ دوبارہ پاکستانی حدود میں داخل نہ ہو سکیں۔