حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے دینی مدارس میں طلبہ کے لیے مطالعے اور تحقیق کی سہولیات بہتر بنانے کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا، صوبے کے 210 رجسٹرڈ مدارس کو ہزاروں نصابی کتب اور لائبریری کا ضروری فرنیچر فراہم کردیا گیا ہے۔
محکمہ اوقاف خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام دینی مدارس میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کے بندوبستی اور ضم شدہ اضلاع میں قائم رجسٹرڈ مدارس کو نصابی کتب اور لائبریری کا سامان فراہم کیا گیا۔
حکام کے مطابق منصوبے کے تحت 140 بندوبستی اضلاع جبکہ 70 ضم شدہ اضلاع کے مدارس کو تعلیمی مواد فراہم کیا گیا ہے، جس کا مقصد طلبہ کو نصابی کتب تک آسان رسائی دینے کے ساتھ ساتھ مدارس میں مطالعے کے لیے بہتر ماحول پیدا کرنا ہے۔
مدارس کے طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے مجموعی طور پر 11 ہزار 760 نصابی کتب تقسیم کی گئی ہیں۔ منصوبے کے تحت ہر مدرسے کو مختلف تعلیمی درجات کے لیے کتابوں کے 7، 7 سیٹ فراہم کیے گئے۔
ان کتب میں درجہ اولیٰ، ثانیہ، ثالثہ، رابعہ، خامسہ، سادسہ، موقوف علیہ اور دورۂ حدیث سمیت مختلف درجات کی نصابی کتابیں شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت 210 مدارس میں مطالعے اور تحقیق کے لیے مجموعی طور پر 2 ہزار 940 فرنیچر آئٹمز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ہر مدرسے کو 2 بک شیلف، 2 لائبریری میزیں اور 10 کرسیاں دی جا رہی ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 420 بک شیلف، 420 لائبریری میزیں اور 2 ہزار 100 کرسیاں مدارس کو فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر محمد عدنان قادری نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد دینی مدارس کے طلبہ کو نصابی کتب تک بہتر رسائی فراہم کرنا اور ان کے لیے مطالعے کا جدید اور سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس میں باقاعدہ لائبریریوں کے قیام سے طلبہ کی علمی استعداد میں اضافہ ہوگا اور انہیں تحقیق و مطالعے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
تعلیمی مواد کی تقسیم کے لیے منعقدہ تقریب میں سیکرٹری اوقاف عطاءالرحمان اور متحدہ علماء بورڈ کے سربراہ مولانا احسان الحق سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
حکام کے مطابق منصوبے کے ذریعے صوبے کے رجسٹرڈ دینی مدارس میں تعلیمی اور مطالعاتی سہولیات کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، تاکہ طلبہ کو نصابی کتب تک آسان رسائی کے ساتھ تحقیق اور مطالعے کے لیے بھی موزوں ماحول میسر آسکے۔