حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مکہ دفاعی اتحاد کا تاریخی آغاز: پاکستان پہلے 3 سال کے لیے سربراہ مقرر،سیکرٹریٹ سعودی عرب میں بنے گا۔ Home / بین الاقوامی,پاکستان /

مکہ دفاعی اتحاد کا تاریخی آغاز: پاکستان پہلے 3 سال کے لیے سربراہ مقرر،سیکرٹریٹ سعودی عرب میں بنے گا۔

ایڈیٹر - 01/09/2026
مکہ دفاعی اتحاد کا تاریخی آغاز: پاکستان پہلے 3 سال کے لیے سربراہ مقرر،سیکرٹریٹ سعودی عرب میں بنے گا۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے علاقائی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے تاریخی ’مکہ دفاعی اتحاد‘ قائم کر دیا ہے، جس کے تحت تنظیم کی پہلی سربراہی پاکستان کے سپرد کی گئی ہے۔ استنبول میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق، اس تزویراتی اتحاد کا باقاعدہ سیکرٹریٹ سعودی عرب میں قائم کیا جائے گا، اور ابتدائی طور پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے سیکرٹری جنرل 3 سال تک اس سیکرٹریٹ کے سربراہ ہوں گے۔

مشترکہ اعلامیے میں واشنگٹن یا دیگر روایتی دفاعی معاہدوں کی طرز پر یہ شق شامل کی گئی ہے کہ اتحاد میں شامل کسی بھی ایک رکن ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ تینوں برادر ممالک نے مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے اپنی مسلح افواج کے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے، دفاعی صنعت میں اشتراکِ عمل بڑھانے، اور مشترکہ ٹیکنالوجی کی تحقیق و پیداوار کو فروغ دینے پر مکمل اتفاق کیا ہے۔ اس تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے اجتماعی دفاع اور ڈیٹرنس (امتناعی قوت) کی ساکھ کو مؤثر بنایا جائے گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے واضح کیا کہ پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کا یہ اتحاد بین الاقوامی قانون پر مبنی ہے اور یہ کسی مخصوص ریاست کے خلاف نہیں، بلکہ اس کا بنیادی مقصد علاقائی امن، بحرانوں کا پرامن حل اور استحکام ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اتحاد کی ادارہ سازی کا ڈھانچہ قائم کرنے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، اور مستقبل میں دیگر دوست ممالک کی اس معاہدے میں شمولیت کے لیے ایک جامع روڈ میپ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ اتحاد بڑھتی ہوئی عالمی کشیدگی کے تناظر میں مسلم امہ کی دفاعی صلاحیتوں کو یکجا کرنے میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔