حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
وزیر اعظم محمد شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر کیرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ۔ Home / پاکستان /

وزیر اعظم محمد شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر کیرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ۔

ایڈیٹر - 31/08/2026
وزیر اعظم محمد شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر کیرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کیرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ دورے کے دوران وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے مرکزی اجلاس اور اہم "ایس سی او پلس" (SCO Plus) سربراہی کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے، جس میں وہ مختلف علاقائی و عالمی امور اور چیلنجز پر پاکستان کا اصولی اور دوٹوک موقف دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

ترجمان وزیر اعظم آفس کے مطابق، اس اہم سفارتی دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر شریک مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا محور باہمی تعلقات، علاقائی تعاون کا فروغ، سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور ہوں گے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم کی کیرغیزستان کے صدر صدیر جباروف کے ساتھ ایک خصوصی دوطرفہ ملاقات بھی طے ہے، جس میں پاکستان اور کیرغیزستان کے مابین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف کیرغیزستان کے حکام اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کی راہداریوں، علاقائی روابط (Connectivity)، تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں (People-to-People Contacts) کے فروغ پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔ اس کے علاوہ، وزیر اعظم بشکیک میں منعقد ہونے والے ثقافتی و کھیلوں کے عالمی میلے "ورلڈ نوماڈ گیمز" (World Nomad Games) کی افتتاحی تقریب میں بطورِ خاص مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ وفاقی وزرا جام کمال خان، علیم خان اور عطا اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ اس اعلیٰ سطحی وفد کا حصہ ہیں۔