حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ بحالی کا آغاز، کئی اضلاع میں سروس بحال اور بعض علاقوں میں بدستور بند Home / پاکستان /

آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ بحالی کا آغاز، کئی اضلاع میں سروس بحال اور بعض علاقوں میں بدستور بند

ایڈیٹر - 31/08/2026
آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ بحالی کا آغاز، کئی اضلاع میں سروس بحال اور بعض علاقوں میں بدستور بند

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا مرحلہ وار عمل شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ سروس جزوی یا مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پابندی برقرار رہے گی۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے ضلع نیلم اور حویلی کہوٹہ میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ میرپور اور بھمبر میں بھی ڈی ایس ایل سروس بحال کردی گئی ہے، تاہم جہلم ویلی، باغ، دھیرکوٹ اور کوٹلی میں فی الحال صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں کو ڈی ایس ایل انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق متعلقہ تعلیمی اداروں اور بینکوں کو وائٹ لسٹڈ ڈی ایس ایل کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔ وائٹ لسٹ میں شامل اداروں کے سربراہان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا، جس میں اس بات کی ضمانت دینا لازم قرار دیا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کنکشن کو قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب پونچھ ڈویژن کے اضلاع راولاکوٹ اور سدھنوتی میں انٹرنیٹ سروس تاحال معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے اس سے قبل انٹرنیٹ سروس آئندہ 2 روز کے دوران بحال کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اب مختلف علاقوں میں مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔