حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسلام آباد: پمز اسپتال کی فائر سیفٹی آڈٹ رپورٹ میں سنگین خامیوں کا انکشاف۔ Home / پاکستان /

اسلام آباد: پمز اسپتال کی فائر سیفٹی آڈٹ رپورٹ میں سنگین خامیوں کا انکشاف۔

ایڈیٹر - 31/08/2026
اسلام آباد: پمز اسپتال کی فائر سیفٹی آڈٹ رپورٹ میں سنگین خامیوں کا انکشاف۔

اسلام آباد ( حسان میڈیا) – وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) میں فائر سیفٹی آڈٹ کے دوران سنگین خامیوں اور انتظامی غفلت کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ فائر سیفٹی ونگ کی جانب سے بارہا وارننگز اور 'ہیزرڈ الرٹ' جاری کیے جانے کے باوجود اسپتال انتظامیہ کی جانب سے تدارک کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے جا سکے، جس کے باعث روزانہ ہزاروں مریضوں اور عملے کی زندگی شدید خطرات سے دوچار ہے۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق، فائر سیفٹی ونگ نے 15 فروری 2018 کو ایک تفصیلی آڈٹ رپورٹ پمز اسپتال کی انتظامیہ کو ارسال کی تھی۔ اس رپورٹ میں اسپتال کی عمارتوں میں آتش زدگی سے بچاؤ کے انتظامات میں موجود بڑی خامیوں کی واضح نشاندہی کی گئی تھی اور انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر اصلاحی اقدامات اٹھانے کی  ہدایات دی گئی تھیں۔

حکام کی جانب سے مجرمانہ خاموشی برقرار رکھنے پر 8 جون 2023 کو پمز اسپتال کے لیے ایک باقاعدہ ’’ہیزرڈ الرٹ‘‘ (شدید خطرے کی وارننگ) بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس الرٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اسپتال کے متعدد حساس شعبوں میں ہنگامی اخراج کے راستے (Emergency Exits) مکمل طور پر بند ہیں، جب کہ بجلی کی کھلی وائرنگ اور شارٹ سرکٹ کے واضح خطرات جوں کے توں موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سال ہا سال گزرنے کے باوجود ان لائف سیونگ انتظامات کو بہتر نہ بنانا انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔