حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بہتر مستقبل کا خواب ادھورا رہ گیا؛ مالاکنڈ کا نوجوان یونان سرحد کے قریب سمندر میں ڈوب کر جاں بحق Home / پاکستان /

بہتر مستقبل کا خواب ادھورا رہ گیا؛ مالاکنڈ کا نوجوان یونان سرحد کے قریب سمندر میں ڈوب کر جاں بحق

ایڈیٹر - 30/08/2026
بہتر مستقبل کا خواب ادھورا رہ گیا؛ مالاکنڈ کا نوجوان یونان سرحد کے قریب سمندر میں ڈوب کر جاں بحق

بٹ خیلہ: غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش، مالاکنڈ کا نوجوان یونانی سرحد کے قریب جاں بحق

بٹ خیلہ  : بہتر مستقبل اور روزگار کا خواب آنکھوں میں سجائے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والا ضلع مالاکنڈ کا ایک اور اُمیدوں بھرا نوجوان یونان سرحد کے قریب سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہو کر جاں بحق ہو گیا۔ انسانی اسمگلنگ کے بھیانک راستوں کا شکار ہونے والے اس نوجوان کی ناگہانی موت کی خبر پہنچتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عبید اللہ ولد عزیز محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع مالاکنڈ کے علاقے آلہ ڈھنڈ ڈھیری کا رہائشی تھا۔ بتایا گیا ہے کہ عبید اللہ ترکی کے راستے غیر قانونی طریقے سے یورپ میں داخل ہونے کی تگ و دو میں مصروف تھا۔ تاہم، منزل مقصود پر پہنچنے سے پہلے ہی یونان بارڈر کے قریب سیکیورٹی فورسز کی مبینہ فائرنگ کے باعث کشتی پر خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں وہ سمندر میں کود گیا اور گہرے پانی میں ڈوبنے سے اس کی سانسوں کی ڈور ٹوٹ گئی۔

مرحوم عبید اللہ کی میت آبائی علاقے منتقل کیے جانے کے بعد ان کی نمازِ جنازہ آلہ ڈھنڈ ڈھیری میں ادا کر دی گئی ہے۔ جنازے میں سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدینِ علاقہ، عزیز و اقارب اور مقامی شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور سوگوار خاندان سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ نوجوان کی اچانک اور المناک موت نے پورے علاقے کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے غیر قانونی سفر پر مجبور کرنے والے ایجنٹوں اور انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت ترین قانونی شکنجہ کسا جائے۔