حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جعلی پائلٹ لائسنسوں کا معاملہ، حکومت کا بڑا ایکشن؛ 50 لائسنس منسوخ، 33 معطل Home / پاکستان /

جعلی پائلٹ لائسنسوں کا معاملہ، حکومت کا بڑا ایکشن؛ 50 لائسنس منسوخ، 33 معطل

ایڈیٹر - 29/08/2026
جعلی پائلٹ لائسنسوں کا معاملہ، حکومت کا بڑا ایکشن؛ 50 لائسنس منسوخ، 33 معطل

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): جعلی پائلٹ لائسنسوں سے متعلق الزامات کے معاملے میں وفاقی حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے 50 پائلٹس کے لائسنس منسوخ جبکہ 33 کے لائسنس معطل کردیئے ہیں۔

وزارت دفاع کی جانب سے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ پائلٹوں کے جعلی لائسنسوں کے معاملے کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی بین الاقوامی پروازوں پر برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

تحریری جواب کے مطابق پابندیوں کے نتیجے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کو اگست 2020 سے دسمبر 2024 تک تقریباً 200 ارب روپے کے محصولات کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

وزارت دفاع نے بتایا کہ سول ایوی ایشن رولز 1994 کے تحت جعلی لائسنسوں سے متعلق تحقیقات اور دیگر اقدامات کے بعد 50 پائلٹس کے لائسنس منسوخ جبکہ 33 پائلٹس کے لائسنس معطل کیے گئے۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ پابندیوں کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز برطانیہ کی اپنی اہم اور منافع بخش فضائی منڈی سے بھی محروم ہوگئی، جس کا براہ راست فائدہ دیگر فضائی کمپنیوں کو پہنچا۔

ان کمپنیوں میں امارات، قطر ایئرویز، اتحاد ایئرویز، برٹش ایئرویز اور ورجن اٹلانٹک شامل ہیں، جنہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی سفر کی مارکیٹ میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی عدم موجودگی سے فائدہ اٹھایا۔

وزارت دفاع کے مطابق معاملے کی نگرانی اور آئندہ کے اقدامات کے لیے وفاقی کابینہ نے وزیر دفاع کی سربراہی میں ایک خصوصی کابینہ کمیٹی بھی تشکیل دے رکھی ہے۔