حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے قافلے پر حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں لیڈی کانسٹیبل سمیت 6 اہلکار زخمی Home / پاکستان /

ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے قافلے پر حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں لیڈی کانسٹیبل سمیت 6 اہلکار زخمی

ایڈیٹر - 29/08/2026
ڈیرہ اسماعیل خان  میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے قافلے پر حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں لیڈی کانسٹیبل سمیت 6 اہلکار زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں دہشت گردوں نے ڈی ایس پی کلاچی اور ایس ایچ او تھانہ ہتھالہ کی گاڑیوں کو بزدلانہ فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی کلاچی کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے الٹ گئی، جس کے باعث لیڈی کانسٹیبل سمیت چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ ہتھالہ کی حدود میں واقع الامین فارم ہاؤس کے قریب پیش آیا۔ دہشت گردوں کی اچانک فائرنگ کے جواب میں پولیس اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے بعد دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ فائرنگ اور گاڑی الٹنے کے نتیجے میں ڈی ایس پی کلاچی، اے ایس آئی نعمان خان، کانسٹیبل قاسم، گن مین غلام سعید، کانسٹیبل ہاشم اور لیڈی کانسٹیبل امبر التاش شدید زخمی ہو گئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ تمام زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر اور ضلعی پولیس کے مطابق اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید تازہ دم دستے جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیے گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔