حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ، کراچی میں 20 کلو تھیلا 3200 روپے تک جا پہنچا Home / پاکستان /

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ، کراچی میں 20 کلو تھیلا 3200 روپے تک جا پہنچا

ایڈیٹر - 29/08/2026
ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ، کراچی میں 20 کلو تھیلا 3200 روپے تک جا پہنچا

کراچی: ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، جبکہ کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا سب سے زیادہ مہنگا ہوگیا ہے۔

ادارہ شماریات کی تازہ قیمتوں سے متعلق رپورٹ کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 3200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ دیگر بڑے شہروں میں بھی آٹا شہریوں کو بھاری قیمت پر دستیاب ہے۔ اسلام آباد میں 20 کلو کا تھیلا 3093 روپے، پشاور میں 3100 روپے، راولپنڈی میں 3067 روپے، حیدرآباد میں 2940 روپے جبکہ بنوں میں 2900 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

اسی طرح کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کی قیمت 2850 روپے، سرگودھا، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں 2800 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق بہاولپور میں آٹے کا تھیلا 2740 روپے، لاڑکانہ اور خضدار میں 2700 روپے، سکھر میں 2500 روپے، لاہور میں 2300 روپے جبکہ فیصل آباد میں 2200 روپے میں دستیاب ہے۔

مہنگا آٹا، شہری پریشان

مسلسل بڑھتی قیمتوں کے باعث شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ زندگی کی بنیادی ضرورت بھی ان کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہے۔ ان کے مطابق آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باوجود اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہورہا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو بنیادی خوراک مناسب نرخوں پر دستیاب ہوسکے۔