حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ماتحت ریجنل ٹیکس آفس حیدرآباد نے سیلز ٹیکس قوانین اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں اور ان میں موجود سامان کو تحویل میں لے لیا۔
ایف بی آر کے مطابق کارروائیاں سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 40 سی سمیت ڈیجیٹل انوائسنگ، تھرڈ شیڈول کی لازمی شرائط اور دیگر متعلقہ قانونی تقاضوں کی خلاف ورزیوں پر کی گئیں۔
کارروائی کے دوران زیڈ-5061 نمبر کی گاڑی کوئلے سمیت روک کر تحویل میں لے لی گئی۔ حکام کے مطابق گاڑی پر موجود دستاویزات میں ڈیجیٹل انوائس کے بجائے غیر ڈیجیٹل انوائس پائی گئی، جبکہ متعلقہ سپلائر بھی فعال حیثیت میں نہیں تھا۔
اسی طرح سی-1320 نمبر کی گاڑی سے صنعتی مشینری منتقل کی جارہی تھی، جسے بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ متعلقہ مینوفیکچرنگ یونٹ رجسٹرڈ نہیں تھا اور گاڑی کے ساتھ سیلز ٹیکس کی درست انوائس یا مطلوبہ قانونی دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں۔
حکام نے ای-2141 نمبر کی گاڑی کو بھی کارروائی کی زد میں لیا، جس میں پائپس منتقل کیے جارہے تھے۔ ایف بی آر کے مطابق اس گاڑی کے پاس بھی غیر ڈیجیٹل سیلز ٹیکس انوائس موجود تھی۔
دوسری کارروائی میں سی-3436 اور جی ایل ٹی اے-6026 نمبر کی گاڑیوں کو گھی کی ترسیل کے دوران روکا گیا۔ ایف بی آر کے مطابق دونوں گاڑیوں کے پاس سیلز ٹیکس انوائس موجود نہیں تھی، جبکہ گھی کی پیکیجنگ پر زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت بھی درج نہیں کی گئی تھی۔
ایف بی آر نے بتایا کہ تحویل میں لیے گئے تمام ٹرانسپورٹ ذرائع اور سامان کو مزید جانچ پڑتال اور دستاویزات کی تصدیق کے لیے گودام منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق معاملے کی مکمل چھان بین کے بعد قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔